مصنوعی ذہانت اور محفوظ استمعال
یہ 10 چیزیں AI کے ساتھ بالکل شیئر نہ کریں!
آج کل مصنوعی ذہانت، یعنی AI، کا استعمال ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔ ہم اس کے ساتھ اس طرح گفتگو کرتے ہیں جیسے وہ ہمارا کوئی گہرا دوست، گھر کا بڑا، ذاتی ہمدرد یا مینٹور ہو۔ اس دوران ہم بے تکلفی سے اپنی ذاتی معلومات بھی اس کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔ بچپن کی باتیں، اپنی غلطیاں، پچھتاوے اور ملال، حتیٰ کہ کبھی ایسے اعترافات بھی جو بظاہر قانونی یا اخلاقی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتے ہیں۔ AI سے بات کر لینے سے بعض اوقات یوں محسوس ہوتا ہے جیسے دل کا بوجھ ہلکا ہو گیا ہو۔
پھر جب ہم اپنا یا کسی دوست کا سی وی تیار کر رہے ہوتے ہیں، لنکڈ اِن پروفائل بنوا رہے ہوتے ہیں، کسی ادارے میں ملازمت کے لیے درخواست لکھوا رہے ہوتے ہیں یا اپنے بینک اور کسی دوسرے اہم ادارے کو شکایت یا درخواست بھیج رہے ہوتے ہیں تو ہمیں اپنی بہت سی ذاتی تفصیلات AI کو فراہم کرنا پڑتی ہیں۔
AI فراہم کرنے والے ادارے یقین دہانی کراتے ہیں کہ صارفین کی معلومات محفوظ رکھی جاتی ہیں اور انہیں غیر مجاز افراد تک پہنچنے سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں۔ ہم بھی اکثر یہ سوچ کر مطمئن ہو جاتے ہیں کہ ڈیٹا کے اس وسیع سمندر میں ہماری انفرادی گفتگو پر کسی کی نظر کیسے پڑ سکتی ہے۔
لیکن اب ماہرین AI استعمال کرتے ہوئے احتیاط برتنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ دوسری طرف انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر ایسی سنسنی خیز باتیں بھی پھیلائی جا رہی ہیں جن سے یہ تاثر ملتا ہے کہ AI کے ساتھ ذاتی معلومات شیئر کرنا کسی بڑے نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات کی روشنی میں یہ سمجھا جائے کہ AI کے ساتھ کون سی معلومات شیئر کرنا محفوظ ہے اور کون سی خطرناک ہو سکتی ہیں، کن معاملات میں احتیاط ضروری ہے اور روزمرہ کاموں میں AI سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ڈیجیٹل پرائیویسی کو کیسے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
یہ 10 چیزیں AI کے ساتھ شیئر نہ کریں
-
پاس ورڈز، پن کوڈز اور لاگ اِن کی تفصیلات
اپنے ای میل، سوشل میڈیا، بینکنگ ایپس، موبائل فون یا کسی بھی آن لائن اکاؤنٹ کے پاس ورڈ اور پن کوڈ کبھی AI کو نہ دیں۔ یہ معلومات آپ کے ڈیجیٹل گھر کی چابیاں ہیں۔ کسی کو بھی ان کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے، خواہ وہ کوئی انسان ہو یا AI ٹول۔
-
ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) اور تصدیقی کوڈز
بینک، ای میل یا کسی دوسرے اکاؤنٹ میں داخل ہونے کے لیے موبائل یا ای میل پر موصول ہونے والے OTP، ریکوری کوڈز اور تصدیقی کوڈز کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ یہ چند لمحوں کے لیے کارآمد ہوتے ہیں، لیکن غلط ہاتھوں میں پہنچ کر آپ کے اکاؤنٹ تک رسائی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
-
بینک کارڈ کی مکمل تفصیلات
کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کا مکمل نمبر، CVV، پن، انٹرنیٹ بینکنگ کی خفیہ معلومات اور ایسی تفصیلات جو مالی لین دین کی اجازت دیتی ہوں، AI کو فراہم نہ کریں۔ کسی بینکنگ مسئلے پر مشورہ درکار ہو تو معلومات کو چھپا کر یا فرضی نمبروں کے ذریعے مسئلہ سمجھایا جا سکتا ہے۔
-
API Keys، Access Tokens اور سسٹم کی خفیہ چابیاں
اگر آپ ویب سائٹ، ایپ یا کسی ڈیجیٹل نظام پر کام کرتے ہیں تو API Keys، Access Tokens، سرور پاس ورڈز اور ریکوری کیز کبھی کسی عام AI چیٹ میں نہ ڈالیں۔ یہ معلومات کسی ادارے یا ویب سائٹ کے ڈیجیٹل نظام تک براہِ راست رسائی دے سکتی ہیں۔
-
شناختی دستاویزات کی مکمل نقول
شناختی کارڈ (CNIC)، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس یا کسی دوسرے سرکاری شناختی دستاویز کی مکمل تصویر یا اسکین بلا ضرورت اپ لوڈ نہ کریں۔ ان پر موجود شناختی نمبر، تاریخِ پیدائش، پتہ اور دیگر تفصیلات شناخت کی چوری یا جعل سازی میں استعمال ہو سکتی ہیں۔ اگر کسی دستاویز کو سمجھنے یا اس کا مسودہ تیار کرنے کے لیے AI کی مدد درکار ہو تو پہلے غیر ضروری شناختی تفصیلات چھپا دیں۔
-
اداروں اور کاروباروں کی خفیہ معلومات
اپنے دفتر، کمپنی یا کاروبار کے خفیہ معاہدے، صارفین کی فہرستیں، مالی ریکارڈ، غیر اعلانیہ منصوبے، تجارتی راز یا سافٹ ویئر کا حساس کوڈ کسی غیر منظور شدہ AI پلیٹ فارم پر اپ لوڈ نہ کریں۔ ایسی معلومات صرف ادارے کی منظور شدہ پالیسی اور محفوظ نظام کے تحت استعمال کی جانی چاہئیں۔
-
دوسرے لوگوں کی نجی معلومات
کسی دوست، رشتہ دار، ملازم یا ساتھی کا شناختی نمبر، فون، طبی ریکارڈ، نجی خط و کتابت، مالی تفصیلات یا کوئی ایسا راز جسے اس نے آپ کے اعتماد میں دیا ہو، اس کی اجازت کے بغیر AI کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ اپنی پرائیویسی کی طرح دوسروں کی نجی زندگی کا احترام بھی ضروری ہے۔
-
بچوں کی شناخت اور روزمرہ معمولات
بچوں کے مکمل نام، گھر کا پتہ، اسکول، کلاس، روزانہ آنے جانے کے اوقات، فون نمبر اور ایسی تصاویر یا تفصیلات جو ان کی شناخت یا نقل و حرکت ظاہر کریں، غیر ضروری طور پر AI کو نہ دیں۔ بچوں کی آن لائن حفاظت کے معاملے میں اضافی احتیاط بہتر ہے۔
-
گھر کے سکیورٹی کوڈز اور اپنی درست موجودہ لوکیشن
گھر یا دفتر کے الارم کوڈز، دروازوں کے لاک کوڈز، سکیورٹی انتظامات، سفر کے دوران خالی گھر کی تفصیلات اور اپنی درست موجودہ لوکیشن کو عوامی یا غیر ضروری ڈیجیٹل گفتگو میں شامل کرنے سے گریز کریں۔ کسی سفر یا راستے کے بارے میں مشورہ چاہیے تو شہر یا عمومی علاقے کا نام کافی ہو سکتا ہے۔
-
انتہائی نجی اور حساس تصاویر، بائیومیٹرک ڈیٹا اور راز
نجی یا نامناسب نوعیت کی تصاویر، فنگر پرنٹ یا چہرے کے شناختی اسکین، آواز کے ایسے نمونے جو کسی کی شناخت یا نقل کے لیے استعمال ہو سکیں، اور ایسے راز جن کے افشا ہونے سے آپ یا کسی دوسرے شخص کو سنگین نقصان پہنچ سکتا ہو، عام AI چیٹ میں فراہم نہ کریں۔ اسی طرح کسی قانونی معاملے میں ایسی تفصیلی معلومات یا اعترافات شیئر کرنے سے پہلے سوچیں جنہیں آپ کسی غیر محفوظ ڈیجیٹل ریکارڈ میں محفوظ نہیں دیکھنا چاہیں گے۔
کون سی معلومات AI کے ساتھ شیئر کی جا سکتی ہیں؟
ان دس احتیاطوں کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ AI کے ساتھ اپنی ہر قسم کی ذاتی معلومات شیئر کرنا خطرناک ہے۔ درحقیقت AI کی افادیت ہی اس بات میں ہے کہ ہم اسے اپنے کام، ضروریات اور حالات سے متعلق مناسب معلومات فراہم کریں تاکہ وہ بہتر مدد کر سکے۔
مثلاً:
- سی وی اور لنکڈ اِن پروفائل: تعلیم، تجربہ، مہارتیں، سابقہ ملازمتیں اور پیشہ ورانہ کامیابیاں AI کو دی جا سکتی ہیں۔ نام، فون اور ای میل کی جگہ ابتدائی مسودے میں عارضی الفاظ استعمال کیے جا سکتے ہیں اور اصل تفصیلات بعد میں خود شامل کی جا سکتی ہیں۔
- ای میلز اور درخواستیں: کسی ادارے کو خط، شکایت، درخواست یا جواب تیار کروانے کے لیے متعلقہ پس منظر، عہدہ، ادارے کا نام اور ضروری تفصیلات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ البتہ اکاؤنٹ نمبر، پاس ورڈ یا شناختی دستاویزات شامل کرنے کی ضرورت نہیں۔
- صحت سے متعلق معلومات: اپنی علامات، ادویات، عمر، عمومی طبی تاریخ اور متعلقہ معلومات شیئر کرکے ابتدائی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ تاہم شناختی تفصیلات کے بغیر معلومات دینا بہتر ہے، اور AI کی رائے کو ڈاکٹر کے معائنے کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔
- ذاتی احساسات اور زندگی کے تجربات: پریشانی، تنہائی، خاندانی اختلافات، تعلقات کے مسائل، ماضی کے تجربات اور ذاتی فیصلوں پر AI سے گفتگو کی جا سکتی ہے۔ البتہ دوسرے افراد کی شناخت ظاہر کرنے والی معلومات اور انتہائی حساس رازوں کے بارے میں احتیاط ضروری ہے۔
- تصاویر اور تخلیقی کام: عام تصاویر کو بہتر بنانے، انہیں آرٹ یا کارٹون میں تبدیل کرنے، تحریر یا ڈیزائن تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ہر تصویر کو خطرہ سمجھنا درست نہیں، لیکن نجی، حساس یا بچوں کی شناخت ظاہر کرنے والی تصاویر کے معاملے میں احتیاط کریں۔
- عمومی مالی معلومات: ماہانہ بجٹ، اخراجات، بچت کے اہداف اور مالی منصوبہ بندی کے لیے ضروری اعداد و شمار فراہم کیے جا سکتے ہیں، لیکن بینک اکاؤنٹ کی خفیہ تفصیلات یا کارڈ کے کوڈز نہیں۔
- دستاویزات اور معاہدے: کسی دستاویز کا خلاصہ، ترجمہ یا وضاحت حاصل کرنے کے لیے اسے اپ لوڈ کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ اس میں موجود غیر ضروری شناختی اور خفیہ معلومات پہلے چھپا دی جائیں۔
- عمومی مقام اور حالات: سفر، موسم، مقامی سہولت یا کسی جگہ کے بارے میں مشورے کے لیے شہر یا علاقے کی معلومات کافی ہوتی ہیں؛ ہر بار اپنا مکمل پتہ بتانا ضروری نہیں۔
کیا AI کے استعمال سے غیر ضروری طور پر خوف زدہ ہونا چاہیے؟
AI کے ساتھ گفتگو کا مطلب یہ نہیں کہ ہماری ہر بات لازماً کسی دوسرے شخص تک پہنچ جائے گی یا ہماری معلومات فوراً غلط ہاتھوں میں چلی جائیں گی۔ معتبر ادارے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے مختلف تکنیکی اور انتظامی اقدامات کرتے ہیں۔ تاہم کوئی بھی آن لائن سروس مکمل خطرے سے پاک ہونے کی ضمانت نہیں دے سکتی۔ اس لیے دانش مندی یہ ہے کہ نہ تو ہر ذاتی بات شیئر کرنے سے خوف زدہ ہوں اور نہ ہی ہر معلومات کو بے فکری سے فراہم کریں۔
ChatGPT میں ایک مفید سہولت Temporary Chat بھی موجود ہے۔ اس میں گفتگو عام چیٹ ہسٹری میں ظاہر نہیں ہوتی، اس سے Memory نہیں بنتی اور یہ گفتگو ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال نہیں ہوتی۔ تاہم حفاظتی مقاصد کے لیے اس کی نقل 30 دن تک رکھی جا سکتی ہے۔ اس لیے اسے مکمل طور پر بے ریکارڈ یا فوری حذف ہونے والی گفتگو نہ سمجھیں۔
یاد رکھیے: AI سے فائدہ اٹھانے کا بہترین طریقہ یہ نہیں کہ ہم اس سے ہر بات چھپائیں، بلکہ یہ ہے کہ ہم جانیں کون سی معلومات اسے دینا ضروری ہیں اور کون سی نہیں۔ ٹیکنالوجی سے خوف نہیں، اس کے دانش مندانہ استعمال کی تربیت حاصل کیجیے۔
حوالہ جات
مزید پڑھیے
